ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو. دبئی فلائٹ کوشارجہ ایئر پورٹ پراُترنے کے لئے جگہ نہیں ملی، واپس لوٹنا پڑا

منگلورو. دبئی فلائٹ کوشارجہ ایئر پورٹ پراُترنے کے لئے جگہ نہیں ملی، واپس لوٹنا پڑا

Sun, 07 Aug 2016 01:16:26  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو 6/اگست (ایس او نیوز) جمعرات کی شب میں منگلورو سے دبئی جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ IX813کوشارجہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے لئے جگہ نہ ملنے کی وجہ سے واپس منگلورو لوٹ آنا پڑا۔

 دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پربدھ کے دن ہونے والے ایمیریٹس ایئر لائنس کے حادثہ کے بعد چونکہ ایئر ٹریفک پوری طرح بحال نہیں ہوئی تھی، اس لئے عارضی انتظامات کے تحت اس فلائٹ کو شارجہ ایئر پورٹ پر اترنا تھا۔ لیکن پتہ چلا ہے کہ شارجہ ایئر پورٹ پر فلائٹ کو لینڈ کرنے کے لئے جگہ دینے سے انکار کردیا گیا اور جہاز کو واپس ہندوستان لوٹ آنا پڑا۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔کیونکہ منگلورو ایئر پورٹ پر بھی اس ہوائی جہاز کوواپسی میں اترنے کی اجازت نہیں مل سکی کیونکہ موسم بہت ہی خراب ہوگیاتھا۔اس لئے جہاز کو کیرالہ لے جایا گیا اوررات 12بج کر پانچ منٹ پر کوزی کوڈ ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔  اس کے بعدبالآخرجمعہ کی صبح 2بجے اس فلائٹ کو منگلوروایئر پورٹ پر اتارنے میں کامیابی ملی۔اس جہاز پر 185مسافر سوار تھے اور پانچ گھنٹوں سے زیادہ وقت انہیں بغیر کسی متعینہ منزل کے صرف ہوا میں بھٹکتے رہنے کا عذاب جھیلنا پڑا۔ ویسے بھی یہ فلائٹ منگلورو ایئر پورٹ سے تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے اڑی تھی اور تقریباًایک گھنٹے کی اڑان کے بعد شارجہ ایئر پورٹ اتھاریٹیز کی طرف سے وہاں زیادہ رش ہونے کی وجہ سے جہاز لینڈ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا اس طرح یہ ہوائی جہاز گھنٹوں تک ہوا میں یہاں سے وہاں بھٹکتا رہا۔

منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈائریکٹرجے ٹی رادھا کرشنن نے بتایا کہ شارجہ ایئر پورٹ اتھاریٹیز کی طرف سے ملی ہدایات کے مطابق اب یہاں سے روانہ ہونے والے فلائٹس کی ترتیب کا خاکہ از سر نو بنایا گیا ہے۔اور اس خاکے کے مطابق سنیچر کے دن سے جہاز اڑان بھریں گے۔ جن مسافروں کوشارجہ میں اترنے کی جگہ نہ ملنے پر واپس لایا گیا تھا، انہیں ایک ساتھ دوبارہ دبئی کے لئے روانہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے ایئر انڈیا نے 7اگست سے 10اگست تک روزانہ 20مسافروں کے کے گروپ بناکر انہیں لے جانے کا پروگرام بنایا ہے۔مسٹر رادھا کرشنن نے بتایا کی مذکورہ فلائٹ کے مسافروں نے سمجھ داری اورپوری طرح کا تعاون کا مظاہرہ کیا۔
 


Share: